یوٹیلیٹی اسٹورز پر بنیادی اشیا اوپن مارکیٹ سے مہنگی ملنے لگیں

4 months ago 43

اسلام آباد(این این آئی)یوٹیلیٹی اسٹورز پر بیشتر بنیادی اشیا اوپن مارکیٹ سے بھی مہنگی ملنے لگیں۔ادارہ شماریات اسلام آباد نے یوٹیلیٹی اسٹورز اور اوپن مارکیٹ میں اشیا ضروریہ کی قیمتوں کے اعداد و شمار جاری کردئیے۔رپورٹ کے مطابق یوٹیلیٹی اسٹورز پر فی کلو چینی اوپن مارکیٹ سے 19اعشاریہ 72روپے مہنگی مل رہی ہے۔

رپورٹ کے مطابق یوٹیلیٹی اسٹورز پر عام صارفین کے لیے فی کلو چینی کی قیمت 155روپے ہے جو کہ اوپن مارکیٹ میں 135اعشاریہ 28روپے فی کلو میں دستیاب ہے۔ادارہ شماریات کے مطابق یوٹیلیٹی اسٹورز پر 20کلو آٹا اوپن مارکیٹ سے 19اعشاریہ 66روپے مہنگا ہوگیا ہے۔رپورٹ کے مطابق یوٹیلیٹی اسٹورز پر عام صارفین کیلئے 20کلو آٹا 2ہزار 840روپے کا ہے جبکہ اوپن مارکیٹ میں یہ قیمت 2ہزار 820روپے ہے۔