لاہور کے سروسز ہسپتال کی 3 منزلہ عمارت زمین بوس ہوگئی، کوئی جانی نقصان نہیں ہوا

5 months ago 43

لاہور ( این این آئی) لاہور میں سروسز ہسپتال کی زیر تعمیر تین منزلہ عمارت زمین بوس ہو گئی تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ، وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی ہدایت پر واقعہ کی مکمل تحقیقات کے لئے اعلی سطح پر تحقیقاتی کمیٹی بنا دی گئی۔نگران صوبائی وزیر صحت پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم نے سروسز ہسپتال کا دورہ کر کے امدادی سرگرمیوں کا جائزہ لیا۔اس موقع پر سپیشل سیکرٹری آپریشنز محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن راجہ منصور احمد، کمشنر لاہور ڈویژن محمد علی رندھاوا، ڈی سی لاہور رافعہ حیدر، پرنسپل سروسز انسٹی ٹیوٹ میڈیکل سائنسز پروفیسر ڈاکٹر زوہرہ خانم، ایم ایس سروسز ڈاکٹر منیر احمد ملک و دیگر افسران موجود تھے۔

نگران صوبائی وزیر صحت پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم نے سروسز ہسپتال میں میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ سروسز ہسپتال میں صبح دس بج کر پینتالیس منٹ پر یہ افسوسناک واقعہ پیش آیا۔امدادی ٹیموں نے بروقت آکر امدادی سرگرمیوں کا آغاز کیا ۔۔وزیرصحت پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم نے کہاکہ وزیر اعلی پنجاب سید محسن نقوی کی ہدایت پر واقعہ کی مکمل تحقیقات کیلئے اعلی سطح پر تحقیقاتی کمیٹی بنا دی گئی ہے۔ تحقیقاتی کمیٹی میں سی ایم آئی ٹی، نیسپاک اور تھرڈ پارٹی کے نمائندگان شامل ہوں گے۔ تحقیقات میں ذمہ داران کا تعین کرکے قانون کے مطابق سزا دی جائے گی۔

پروفیسر ڈاکٹر جاوید اکرم نے کہاکہ سروسز ہسپتال میں عمارت کے گرنے کا ری ویمپنگ کے منصوبے سے کوئی تعلق نہیں ہے۔سروسز ہسپتال کی تمام عمارات کا آڈٹ کروایا جا رہا ہے اورسروسز ہسپتال میں ری ویمپنگ کا کام روک دیا گیا ہے۔ کمشنر لاہور محمد علی رندھاوا نے میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ ری ویمپنگ کے لئے ہر عمارت کی پہلے اسیسمنٹ کروائی جاتی ہے۔ وزیر اعلی پنجاب سید محسن نقوی کی ہدایت پر اعلی سطحی کمیٹی بنا دی گئی ہے۔انتظامیہ کے مطابق واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔