لائبریری سے لی گئی کتاب119سال بعد لوٹا دی گئی

4 months ago 45

پینسلوینیا(این این آئی)امریکا میں ایک لائبریری سے 119 سال قبل نکلوائی گئی کتاب واپس لوٹا دی گئی۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق امریکی ریاست پینسلوینیا کے شہر کاربن ڈیل میں قائم کاربن ڈیل پبلک لائبریری نے ایک فیس بک پوسٹ میں بتایا کہ ہولے لائبریری کے ایک ملازم نے ایک کتابوں کی سیل پر ملنے والی مصنف ہیری کولنگ ووڈ کی کتاب دی کروز آف دی ایسمرالڈا 119 سال بعد لائبریری کو لوٹا دی۔

فیس بک پوسٹ کے مطابق کتاب کے اندر ایک لفافہ لگا ہوا ہے جس میں لائبریری کارڈ موجود ہے اور کارڈ کے مطابق یہ کتاب مئی 1904 میں ہوریس شارٹ کو جاری کی گئی تھی۔لائبریری کا کہنا تھا کہ کتاب 43 ہزار 641 روز کی تاخیر سے لائبریری کو واپس لوٹائی گئی ہے۔ 1904 میں کتاب تاخیر سے لوٹانے پر دو سینٹ فی روز کے حساب سے جرمانہ عائد کیا جاتا تھا اور اس حساب سے جرمانے کی رقم 872.82 ڈالرز بنتی ہے۔ اس وقت فی روز جرمانے کی رقم 25 سینٹ ہے جس کے حساب سے جرمانے کی کل رقم 10 ہزار 910 ڈالرز اور 25 سینٹ بنتی ہے۔