فیصل آباد کے تمام تھانوں میں انٹرنیٹ سروس معطل

5 months ago 69

فیصل آباد (این این آئی)فیصل آباد کے تمام تھانوں کی انٹرنیٹ سروس بل نہ دینے پر معطل کردی گئی، واردارتوں کی درخواستیں لے کر فرنٹ ڈیسک پر آنے والے سائلین خوار ہونے لگے، 24گھنٹوں میں ایک بھی مقدمہ درج نہ ہوسکا۔تفصیلات کے مطابق محکمہ پولیس پنجاب فنڈز کی کمی کا شکار ہوگیا، فیصل آباد کے تمام تھانوں میں بل کی عدم ادائیگی کے باعث انٹرنیٹ سروس معطل کردی گئی۔رپورٹ کے مطابق وارداتوں کی درخواستیں لیکر فرنٹ ڈیسک پر آنیوالے سائلین مقدمات کے اندارج کیلئے پریشان ہونے لگے۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ درخواست دینے آئے مگر لے ہی نہیں رہے، ماڈل تھانے بنانے کا دعویٰ ہے مگر بنیادی سہولت ان کے پاس موجود ہی نہیں ہے ۔رپورٹ کے مطابق گزشتہ 24گھنٹوں میں ایک بھی مقدمہ درج نہ ہوسکا۔ وکلاء کے مطابق تاخیر سے کیسز کے اندارج سے ملزمان کو فائدہ ہوتا ہے۔ قانون دان علی حسنین نے کہا کہ پہلا سوال ہی رجسٹریشن پر ہوتا ہے، وہاں سے ہی کیس کمزور ہوجاتا ہے جس کا فائدہ ملزمان کو ملتا ہے اور سزا نہیں ہوپاتی۔ترجمان پولیس نے کہا کہ بجٹ کی عدم دستیابی کے باعث مسائل کا سامنا ہے، انٹرنیٹ سروس جلد بحال ہوجائے گی۔