علامہ اقبال یوم پیدائش: مزار اقبال پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب

6 months ago 41

لاہور( این این آئی)حکیم الامت شاعر مشرق مفکر پاکستان حضرت علامہ اقبال کا 146واں یوم ولادت ملی جوش و جذبے سے منایا گیا۔ ملک بھر میں علامہ اقبال کی روح کے ایصال ثواب کے لئے قرآن خوانی اور فاتحہ خوانی کی محافل کا انعقاد کیا گیاجبکہ مختلف سیاسی جماعتوں اور تنظیموں کی جانب سے خصوصی تقریبات اور سیمینارز بھی منعقد ہوئیں جن میں مقررین نے علامہ اقبال کی زندگی ،شاعری اور پاکستان کے قیام کے لئے جدوجہد پر روشنی ڈالی ۔ لاہور میں مزار اقبال پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب منعقد ہوئی ۔

پاک بحریہ کے دستے نے مزارِ اقبال کے اعزازی گارڈز کے فرائض سنبھال لیے۔تقریب کے مہمانِ خصوصی اسٹیشن کمانڈر پاکستان نیوی لاہور کموڈور ساجد حسین نے سربراہ پاک بحریہ کی جانب سے مزارِ اقبال پر پھول چڑھائے۔کموڈور ساجد حسین نے مزارِ اقبال پر فاتحہ خوانی کی اور مہمانوں کی کتاب میں تاثرات بھی قلم بند کیے۔گورنر پنجاب بلیغ الرحمن نے علامہ اقبال کے یوم ولادت کے موقع پر لاہور میں مزار اقبال پر حاضری دے کر فاتحہ خوانی کی اور پھول رکھے۔ گورنر پنجاب نے مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات بھی قلم بند کیے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے بھی مزار اقبال پر حاضری دی پھول رکھے اور فاتحہ خوانی کی ۔ اس موقع پر فرائض سنبھالنے والے پاک بحریہ کے دستے کی جانب سے مہمانوں کی آمد کے موقع پر گارڈ آف آنر بھی پیش کیا گیا ۔ یوم اقبال پر ملک بھر میں عام تعطیل تھی ۔