عام انتخابات 2024،الیکشن کمیشن کے پاس ڈیٹا محفوظ کرنے کیلئے سرور نہ ہونے کا انکشاف

5 months ago 48

اسلام آباد (این این آئی)ملک بھر میں عام انتخابات 2024ء کی تیاریاں جاری ہیں تاہم الیکشن کمیشن کے پاس ڈیٹا محفوظ کرنے کیلئے سرور موجود نہ ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔ نجی ٹی وی کے مطابق ملک بھر میں عام انتخابات 2024ء کی تیاریاں جاری ہیں ، اس دوران الیکشن کمیشن کے پاس ڈیٹا محفوظ کرنے کیلئے سرور موجود نہ ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن عام انتخابات کیلئے نادرا کے سرور کا سہارا لے گا، جس کیلئے دونوں اداروں کے درمیان سرور ہوسٹنگ کا معاہدہ طے پاگیا ہے۔

ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن نادرا کے سرور ہوسٹنگ کی مد میں رینٹ ادائیگی کرے گا، نتائج نئے سافٹ ویئر الیکشن مینجمنٹ سسٹم کے ذریعے تیارکیے جائیں گے۔الیکشن مینجمنٹ سسٹم ڈیجیٹل اور مینیوئل طریقوں سے چلایا جائے گا، الیکشن کمیشن نے چاروں صوبوں میں ای ایم ایس کا کامیاب تجربہ کیا ہے۔ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن نے ڈیٹا انٹری آپریٹرز کو ٹریننگ دے دی ہے جبکہ ای ایم ایس سسٹم جدید تقاضوں کومدنظر رکھ کر تیار کیا گیا ہے، ای ایم ایس سے نتائج انٹرنیٹ، بغیرانٹرنیٹ کے بھی بھیجیں جاسکیں گے۔