سفاک باپ نے کرنٹ لگا کر بیٹی کو مار دیا

3 years ago 734

بھکر: صوبہ پنجاب میں غیرت کے نام پر سفاک باپ نے جوان بیٹی کو موت کے گھاٹ اتار دیا۔

تفصیلات کے مطابق یہ افسوس ناک واقعہ پنجاب کے شہر بھکر میں پیش آیا، بیٹی کا پسند کی شادی کرنا جرم بن گیا جس پر درندہ صفت باپ نے انسانیت کا سر شرم سے جھکا دیا۔

ذرایع کا کہنا ہے کہ بھکر میں دریاخان کے گاؤں جوئیہ کی رہائشی پسند کی شادی کرنے والی لڑکی قتل کردی گئی، وحشی والد اور بھائی نے کرنٹ لگا کر مار ڈالا، کچھ عرصہ قبل لڑکی نے پسند کی شادی کی تھی۔

والد رخصتی کے بہانے بیٹی کو گھر لےگیا اور کرنٹ لگا کر قتل کیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان خاتون کے شوہر کو بھی مارنے کی دھمکیاں دے رہے ہیں۔

یاد رہے کہ 25 جولائی کو کراچی کے علاقے ناظم آباد سے میاں بیوی کی لاشیں ملی تھیں جنہیں غیرت کے نام پر قتل کیا گیا۔ دونوں نے چند ماہ قبل پسند کی شادی کی تھی، پولیس قتل کے الزام میں مقتول کے دوبھائیوں کو گرفتار کرلیا۔

خیال رہے کہ ملک میں اس سے قبل بھی متعدد غیرت کے نام پر قتل ہوچکے ہیں۔