ذہن میں ہے نیوزی لینڈ کیخلاف رن ریٹ پر کیسے برتری لینی ہے،مکی آرتھر

6 months ago 54

بنگورو (این این آئی)پاکستان کرکٹ ٹیم کے ڈائریکٹر مکی آرتھر نے کہاہے کہ نیوزی لینڈ کے خلاف میچ کے لیے ہر طرح کا سیناریو ہمارے پاس موجود ہے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مکی آرتھر نے کہاکہ شاداب خان کے عبوری ٹیسٹ ہوئے جو بظاہر ٹھیک ہیں تاہم فی الحال ہم شاداب پر کوئی فیصلہ کرنے کی پوزیشن میں نہیں ہیں۔مکی آرتھر نے کہاکہ ہمارے کھلاڑیوں کیلئے ہر وینیو ایک نیا وینیو ہے، کھلاڑیوں نے ٹی وی پر آئی پی ایل اور ٹیسٹ میچز دیکھے ہیں، ہم ہر گیم جیتنے کیلئے میدان میں اترتے ہیں۔

انہوںنے کہاکہ مسلسل سفر کھلاڑیوں کیلئے کوئی مسئلہ نہیں ہے تاہم سخت سکیورٹی کے باعث پریشانی ہے، مشکل ہوتی ہے، ایسا لگتا ہے کہ ہم پھر کووڈ کے وقت میں چلے گئے ہیں، پلیئرز اپنی مرضی سے کہیں آ جا نہیں سکتے، ایسی صورتحال ٹیم پر اثرانداز ہوتی ہے۔نیوزی لینڈ کے خلاف میچ کے حوالے سے مکی آرتھر نے کہاکہ اندازہ ہے کہ یہاں ہائی اسکوررنگ گیم ہوتے ہیں، اعداد و شمار دیکھ کر اپنی حکمت عملی بنا رہے ہیں، ہمارے ذہن میں ہے کہ نیٹ رن ریٹ پر نیوزی لینڈ سے کیسے برتری لینی ہے، ہر طرح کا سیناریو ہمارے پاس موجود ہے، ضروری نہیں کہ میں پلیئرز کو ابھی بتاؤں کہ کیا سیناریو ہے۔

ڈائریکٹر پاکستان کرکٹ ٹیم نے کہاکہ نیوزی لینڈ کا بطور حریف احترام کرتے ہیں تاہم ہماری پہلی ترجیح میچ جیتنا ہے جب جیت کی پوزیشن میں آئیں گے تو پھر سیناریو دیکھیں گے۔ایک سوال کے جواب میں مکی آرتھر نے کہاکہ حارث رؤف ہمارا اہم بولر ہے، اس کو تبدیل نہیں کریں گے، ممکن ہے کہ کل کے میچ میں چینج گیم پلان کے ساتھ میدان میں اتریں۔