اسد عمرپارٹی میں واپس آنا چاہتے تھے ،چیئرمین پی ٹی آئی نے انکار کردیا تھا، شیر افضل مروت

5 months ago 38

اسلام آباد (این این آئی)پاکستان تحریک انصاف کے رہنما و سینئروکیل شیرافضل مروت نے اسد عمر کے حوالے سے انکشاف کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ پارٹی میں واپس آنا چاہتے تھے لیکن چیئرمین پی ٹی آئی نے انکار کردیا تھا۔ ایک انٹرویومیں شیر افضل مروت نے کہا کہ اسد عمر نے مجھے پیغام دیا تھا کہ میراچیئرمین پی ٹی آئی کو پیغام پہنچائیں پارٹی میں واپس آنا چاہتا ہوں۔

انہوںنے کہاکہ میں ان کا پیغام لے کرآکر چیئرمین تحریک انصاف کے پاس زمان پارک گیا، میں بھی چاہتا تھا کہ وہ واپس آئیں تاہم پارٹی سربراہ نے انکار کرتے ہوئے کہا کہ فواد چودھری ، اسد عمر سمیت تین چار اور نام ہیں جنہوں نے نو مئی کے واقعہ کے بعد پریس کانفرنس کر کے پارٹی ورکرز کاحوصلہ توڑا ہے۔رہنما تحریک انصاف نے کہا کہ چار دن بعد اسد قیصر بھی میرے پاس اسد عمر کیلئے آئے اور کہا کہ انہیں واپس پارٹی میں لینا ہے، سابق اسپکر قومی اسمبلی کے کہنے پر میں نے دوبارہ عمران خان سے رابطہ کیا اور کہا کہ کسی کام کے سلسلے میں لاہور آنا چاہتا ہوں۔

انہوں نے مجھے جواب دیا کہ اگر اسد عمر کی بات کیلئے آنا چاہتے تو بہتر ہے نہ آئو، میں اس کے باوجود ان کے پاس گیا تاہم انہوں نے دوبارہ انکارکردیا۔ اس کے علاوہ پانچ اور لوگ بھی ہیں جو واپس آنا چاہتے ہیں لیکن چیئرمین پی ٹی آئی نے انہیں بھی لینے سے انکار کر دیا ہے،ان میں ایک ایسی شخصیت بھی ہے جن کا میں نام لوں گا تو ان کی جو رہی سہی تکریم ہے وہ بھی ختم ہو جائے گی۔شیر افضل مروت نے کہاکہ اسد عمر ہمارے پارٹی میں انتہائی قابل احترام شخصیت رہے، میری بھی خواہش تھی کہ وہ واپس آتے لیکن آج کا ٹویٹ دیکھ کر انہوں نے ہمیں انتہائی مایوس کیاہے۔