پی ٹی آئی وفد کی چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا سے ملاقات کی اندرونی کہانی سامنے آگئی۔
ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی وفد نے صوبائی اسمبلیوں کے انتخابات کی تاریخ سے متعلق پوچھا۔ الیکشن کمیشن حکام نے کہا رواں ہفتے صوبائی اسمبلیوں کے الیکشن سے متعلق پیشرفت ہوگی۔
پی ٹی آئی وفد نے نگراں وزیراعلیٰ پنجاب سے متعلق تحفظات بتائے۔ ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن کا مؤقف تھا کہ نگراں حکومتوں کے غیر آئینی اقدام پر ایکشن لیں گے۔
ذرائع الیکشن کمیشن کے مطابق اسپیکر قومی اسمبلی نے مزید اراکین کو ڈی نوٹیفائی کرنے کا مراسلہ ابھی نہیں بھیجا تاہم مزید ارکان کو ڈی نوٹیفائی کرنے کا کہا گيا تو درخواست پر غور کریں گے۔
دوسری جانب چیف الیکشن کمشنر سے ملاقات سے قبل پی ٹی آئی کے مستعفی ارکان نے استعفے واپس لینے کیلئے پارلیمنٹ ہاؤس پر چڑھائی کی۔ عمارت بند ہونے کے باعث گیٹ نہ کھلے تو ارکان اسپیکر کی رہائش گاہ کی طرف چل پڑے۔ راستے میں روکا گیا توعلامتی دھرنا دے دیا۔
میڈیا سے بات کرتے ہوئے عامر ڈوگر نے کہا ایوان میں بیٹھنے نہیں بلکہ اپنا اپوزیشن لیڈر بنانے جارہے ہیں۔ پارلیمنٹ ہاؤس بند ہونے پر مارشل لاء کی یاد بھی آگئی۔ کہا اسپیکر، سیکرٹری اسمبلی ملاقات کرے تاکہ ہم اپنے استعفے واپس لیں۔