ٹرین زیادتی کیس؛ تینوں ملزمان کا ڈی این اے میچ کرگیا

1 month ago 27

بہاؤالدین زکریا ٹرین میں خاتون سے زیادتی کرنے والے تینوں ملزمان کا ڈی این اے میچ کرگیا۔

بہاؤالدین زکریا ایکسپریس میں خاتون سے زیادتی کیس میں بڑی پیشرفت سامنے آئی ہے، کیوں کہ متاثرہ خاتون کی جانب سے نامزد کئے گئے تینوں ملزمان کا ڈی این اے میچ کرگیا ہے۔

پولیس نے جوڈیشل میجسٹریٹ کو چالان جمع کرادیا ہے، اور عدالت نے تینوں ملزمان کے خلاف چالان منظور کرلیا ہے۔

پولیس چالان میں بتایا گیا ہے کہ ٹکٹ چیکر زاہد خاتون کو اکانومی سے اے کلاس انچارج عاقب کے پاس لےکرگیا، اور خاتون سے کہا کہ اے کلاس کا کرایہ زیادہ ہے مزید پیسے دیں۔

چالان کے مطابق متاثرہ خاتون نے پیسے کم ہونے کی وجہ سے واپس اکانومی کلاس میں جانے کا کہا تو ملزم مشتعل ہوگیا، ملزم زاہد نے خاتون کو تھپڑ مارے اور زیادتی کا نشانہ بنایا۔

واضح رہے کہ رواں برس 27 مئی کو ملتان سے کراچی آنے والی نجی ٹرین بہاؤالدین زکریا میں خاتون کے ساتھ زیادتی کی گئی تھی، خاتون ملتان سے کراچی آرہی تھیں۔

کراچی کے تھانہ سٹی ریلوے پولیس اسٹیشن میں خاتون کی جانب سے رپورٹ درج کرائی گئی تھی جس میں 3 افراد کے خلاف زیادتی کا الزام عائد کیا گیا، جو بعد ازاں میڈیکل رپورٹ میں ثابت ہوا۔

درج ایف آئی آر میں کہا گیا کہ وہ 26 مئی کو اپنے بچوں سے ملنے مظفر گڑھ گئی تھی اور 27 مئی کو واپسی پر ملتان سے کراچی آنے والے نجی ٹرین میں مظفر گڑھ سے بیٹھی تھی۔

خاتون کا کہنا ہے کہ روہڑی سے حیدر آباد کے درمیان ٹرین کے انچارج اور 2 ٹکٹ چیکروں نے اسے زیادتی کا نشانہ بنایا۔

Read Entire Article