کراچی، ضلع وسطی کے مزید علاقوں میں‌ اسمارٹ‌ لاک ڈاؤن کا نفاذ

4 days ago 11

کراچی: شہر قائد میں کرونا کے بڑھتے ہوئے کیسز کے پیشِ نظر مقامی انتظامیہ نے ضلع وسطی کے مزید علاقوں میں اسمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کردیا۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق کرونا کیسز میں مسلسل اضافہ کے بعد ضلع وسطی کے ڈپٹی کمشنر نے ڈسٹرکٹ سینٹرل کے مزید متاثرہ علاقوں میں اسمارٹ لاک ڈاؤن کے نفاذ کا نوٹی فکیشن جاری کردیا۔

نوٹی فکیشن کے مطابق ضلع وسطی کے چار ٹاونز گلبرگ، نارتھ کراچی، لیاقت آباد اور نارتھ ناظم آباد کے مختلف علاقوں اور رہائشی یونٹس میں 4 مئی سے 18 مئی تک اسمارٹ لاک ڈاؤن نافذ العمل ہوگا۔

نوٹی فکیشن میں بتایا گیا ہے کہ مذکورہ ٹاؤنز میں کرونا کے 77 مریض موجود ہیں، ضلعی ہیلتھ آفیسر کی جانب سے ہاٹ اسپاٹ کی نشاندہی کے بعد کرونا پابندیاں مزید سخت کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

مزید پڑھیں: کراچی میں کرونا کیسز کی شرح 10 فیصد سے زائد، پابندیاں مزید سخت کرنے کی ہدایت

نوٹی فکیشن میں کہا گیا ہے کہ ’متاثرہ علاقوں میں آنے اور جانے والے تمام افراد کو ماسک پہننا لازمی ہوگا جبکہ شہریوں کی غیر ضروری نقل و حرکت پر پابندی ہوگی، علاقے میں تمام کاروباری و صنعتی سرگرمیاں معطل رہیں گی‘۔

ڈپٹی کمشنر کی جانب سے جاری ہونے والے نوٹی فکیشن کے مطابق ’متاثرہ علاقوں میں ڈبل سواری اور فیملی اجتماع پر پابندی ہوگی،  متاثرہ علاقوں کے کرونا مثبت افراد اپنے گھروں میں قرنطینہ کریں گے‘۔

مزید پڑھیں: کرونا کے بڑھتے کیسز، کراچی کے مخصوص علاقوں میں ڈبل سواری پر پابندی عائد

نوٹی فکیشن میں کہا گیا ہے کہ سندھ حکومت متاثرہ علاقوں میں بسنے والے مستحق افراد میں راشن تقسیم کرنے کے ہر ممکن اقدامات کرے گی۔

Comments

Read Entire Article