پینا ڈول اور پیراسٹامول کی قیمتوں میں اضافہ نہیں کیا جائے گا، وزیراطلاعات

2 weeks ago 22

وزیراطلاعات مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ پیناڈول اور پیراسٹامول کی قیمتوں میں اضافہ نہیں ہوگا، وزارت خزانہ کو ان ادویات پر سبسڈی دینے کی ہدایت کی ہے۔

اقوام متحدہ سیکرٹریٹ لابی میں وزارت اطلاعات کے زیراہتمام تصویری نمائش کے دورے کے موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے وزیراطلاعات مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ پاکستان میں سیلاب کے باعث ہیلتھ ڈیزاسٹر ہے، اورادویات کی سخت ضرورت ہے۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ سردیاں بھی آرہی ہیں اور سیلاب متاثرین کھلے آسمان تلے زندگی بسر کرنے پر مجبور ہیں، انہیں کمبل، گرم کپڑوں اور چادروں کی، اور سیلاب متاثرہ علاقوں میں حاملہ خواتین کیلئے زچہ بچہ سہولیات کی ضرورت ہے۔

وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ سیلاب متاثرین کے لیے تمام کاوشیں بروئے کار لائی جا رہی ہیں، جو این جی اوز بند ہیں ان کی اسکریننگ پراسس وزارت داخلہ نے شروع کردیا ہے، متاثرہ علاقوں میں اس وقت این جی اوز، سول سوسائٹی بہت اچھا کام کررہی ہیں، جو لوگ متاثرین سیلاب کی مدد کرنا چاہیں وہ اپنی مرضی سے این ڈی ایم اے اور سول سوسائٹی کے ذریعے بھی مدد کر سکتے ہیں۔

وزیراطلاعات نے کہا کہ حکومت کی اس وقت توجہ سیلاب متاثرہ علاقوں کی بحالی پر ہے، اس وقت وہاں بچوں کے دودھ، بے بی فوڈ سمیت دیگر اشیاء کی سخت ضرورت ہے۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے سندھ اور بلوچستان میں خیموں کی تقسیم کے حوالے سے ہدایات جاری کی تھیں، ان علاقوں میں متاثرین کی ضرورت کے مطابق خیمے تقسیم کئے جا رہے ہیں، این ڈی ایم اے روزانہ کی بنیاد پر عوام کو اپنا ڈیٹا فراہم کرتا ہے اور عوام کو آگاہ کیا جاتا ہے کہ کس جگہ پر کس چیز کی ضرورت ہے۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ گزشتہ روز وزیراعظم نے سیلاب متاثرین کے حوالے سے جائزہ اجلاس کی صدارت کی جس میں معلوم ہوا کہ پینا ڈول اور پیراسیٹامول کی کمی ہے۔

وفاقی وزیر نے بتایا کہ سیلاب کے باعث پھیلنے والی بیماریوں اور ڈینگی کی وجہ سے پینا ڈول اور پیراسیٹامول کی کھپت میں اضافہ ہوا ہے، ان ادویات کی ڈیمانڈ زیادہ ہے، پروڈکشں کم ہے جبکہ پیداواری لاگت بھی زیادہ ہے، وزیراعظم نے واضح طور پر ہدایت کی ہے کہ ان ادویات کی قیمتوں میں اضافہ نہیں کیا جائے گا، اور وزارت خزانہ کو ان ادویات پر سبسڈی دینے کی ہدایت کی ہے۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ گلوبل وارمنگ اور موسمیاتی تبدیلی کے حوالے سے وزیراعظم نے عالمی سطح پر آواز بلند کی ہے جو پوری دنیا کا مشترکہ مسئلہ ہے۔

Read Entire Article