’’حوصلہ نہ ہارو یہ وقت بھی ٹل جائے گا‘‘ پاکستانی نوجوانوں نے بھارتی شہریوں کے دل جیت لیے

4 days ago 11

کراچی: کورونا وبا کی وجہ سے بدترین بحرانی کیفیت کا شکار بھارتی عوام سے اظہار یکجہتی کے لیے پاکستانی نوجوانوں نے گانا گنگنا کر بھارتی شہریوں کے دل جیت لیے۔

اے آر رحمان کے ایک معروف گانے ’عرضیاں‘ گانے والے پاکستانی نوجوانوں کی ویڈیو سامنے آئی تو بھارتی شہریوں کی جانب سے اسے خوب سراہا گیا۔

فیس بک پر شیئر کی جانے والی ویڈیو میں پاکستان کے نوجوان آرٹسٹس ذیشان علی، نعمان علی دیگر ساتھیوں نے مشہور گانا گنگنایا۔

بھارت میں کورونا وبا کی صورتحال کا ذکر کرتے ہوئے شیئر کی گئی ویڈیو کے ساتھ مذکورہ نوجوانوں نے گانے بول کے ذریعے پیغام میں لکھا کہ ’حوصلہ نہ ہارو یہ وقت بھی ٹل جائے گا، رات جتنی گھنی ہو پھر سویرا آئے گا۔‘

پاکستانی نوجوانوں کے پیغام میں بھارتی عوام کے لیے محبت اور شکریہ کا اظہار کرتے ہوئے یہ بھی کہا گیا کہ ’آرٹ اور انسانیت کی کوئی سرحد نہیں۔‘

نوجوان فنکاروں کو ان کی کاوش پر بھارتی صارفین ان کے جذبے سے متاثر ہوئے بغیر نہ رہ سکے، ایک بھارتی صارف نے ویڈیو پر کیے گئے تبصرے میں اسے پڑوسیوں کا اچھا انداز قرار دیا اور شکریہ بھی ادا کیا۔

پاکستانی نوجوانوں کے گانے پر ناصرف انڈین صارفین نے شکریہ ادا کیا بلکہ انڈین میڈیا نے بھی اسے نمایاں کوریج کی، جس کے بعد ابتدائی ویڈیو شیئر کرنے والے نعمان علی نے انہیں کور کرنے والے انڈین میڈیا ہاؤسز کا شکریہ ادا کیا۔

اپنے پیغام میں انہوں نے لکھا کہ مشکل کی اس گھڑی میں ہم پاکستانی آپ کے ساتھ ہیں، ہمیں اللہ پر پورا بھروسہ رکھنا اور بہتری کے لیے دعا گو رہنا چاہیے۔

یاد رہے کہ 2009 میں ریلیز ہونے والی بالی وڈ فلم ’دلی 6‘ کا گانا ’عرضیاں‘ جاوید علی اور کیلاش کھیر نے گایا تھا جب کہ اس کی کمپوزنگ اے آر رحمان نے کی تھی۔

Comments

Read Entire Article